Add To collaction

07-Oct-2022 غیر عنوان-

کبھی ایسا نہیں ہوتا 

•°•°•°•°•°•°•°•°

اشارے سے کسی صورت قمر آدھا نہیں ہوتا
کبھی انگشت سے جاری کوئی چشمہ نہیں ہوتا

کوئی دریا جو کھاری ہو کبھی میٹھا نہیں ہوتا
کوئی بچہ کہیں بھی مر کے پھِر زندہ نہیں ہوتا

کوئی اِک پَل میں جائے عرشِ اعظم پر اور آ جائے
یہ کیسی بات ہے آخر ، نہیں ایسا نہیں ہوتا

کسی کے آنے جانے سے بھلا رستے مہکتے ہیں
کبھی معلوم خوشبو سے کوئی رستہ نہیں ہوتا

چلے پتھر پہ کوئی تو نشانات آئیں پاؤں کے
کسی صورت بھی پتھر موم کے جیسا نہیں ہوتا

کسی کے واسطے پتھر نہیں چل سکتا پانی پر
کسی بھی شخص کا ہر چیز پر قبضہ نہیں ہوتا

کبھی مٹھی میں کنکر بولتے دیکھا ہے کیا تم نے؟
نہیں ہوتا نہیں ہوتا کہیں ایسا نہیں ہوتا

کوئی ایسا نہیں جس کی رضا میں ہو رضا رب کی
بدل دے رب کسی کے واسطے قبلہ ، نہیں ہوتا

کبھی انسان کو پتھر نہیں کرتا سلامی پیش
کسی کے واسطے خَم خانۂ کعبہ نہیں ہوتا

درختوں کو کسی کے آنے یا جانے سے کیا مطلب
درختوں کا کبھی تبدیل تو سایہ نہیں ہوتا

کوئی ٹہنی کھجوروں کی کسی کے ہاتھ میں دے دے
تو وہ تلوار ہو جائے؟ ارے ایسا نہیں ہوتا

فقط چہرے پہ پھیرے ہاتھ اور سب کچھ بدل جائے
کوئی پیدائشی کالا کبھی گورا نہیں ہوتا

ستارے، چاند، سورج نور کی خیرات لیں جس سے
مُنَوَّر یوں کسی کا تلوہ کیا، چہرہ نہیں ہوتا

کسی کے واسطے جا کر پلٹتا ہی نہیں سورج
ستاروں پر کسی کے پاؤں کا ذرہ نہیں ہوتا

پیالہ ایک ہو اور دودھ پی لیں اس سے سَتَّر لوگ
سنو! وہ نہر ہوگی، ایسا تو پیالہ نہیں ہوتا

جسے دھو کر پلایا جائے تو بیمار اچھے ہوں
شفا لوگوں کو دے ایسا کوئی کپڑا نہیں ہوتا

اگر انسان ہے تو جسم کا سایہ ضروری ہے
ہے ایسا کون جس کے جسم کا سایہ نہیں ہوتا

کسی کو سانپ ڈس لے اور زہر ہو جسم میں پھیلا
تو اس پر تھوک رکھنے سے تو وہ اچھا نہیں ہوتا

کِسی کی آنکھ نکلے اور پَل میں ٹھیک ہو جائے
میں کہتا ہوں علاج ایسا کہیں "واللّٰہ" نہیں ہوتا

کسی کی آنکھ سوئے دِل نہ سوئے یہ نہیں ممکن
کسی کے تھوک سے برکت ملے ایسا نہیں ہوتا

کِسی کو ہو مرض نسیان کا وہ بھی بہت زیادہ
تو چادر سَر پہ رکھ لینے سے وہ دانا نہیں ہوتا

"ذرا اِتنا بتا، میں کون ہوں" بس اِتنا کہنے پر
کوئی پیدائشی گونگا کبھی گویا نہیں ہوتا

کسی کے بھی پسینے میں نہیں ہو سکتی ہے خوشبو
مہکتا تو کسی کی نسل کا بچہ نہیں ہوتا

کبھی ہو ہی نہیں سکتا یہ سب ممکن، مگر توصیفؔ!
مِرے سرکار جب چاہیں تو پھِر کیا کیا نہیں ہوتا۔

                                  """"""""""""""""""""""

✍️از۔ توصیف رضا رضوی باتھ اصلی سیتا مڑھی بِہار انڈیا
+91 9594346926

   11
2 Comments

Sona shayari

15-Oct-2022 07:57 PM

بہت عمده

Reply

Simran Bhagat

15-Oct-2022 06:16 PM

بہت زبردست

Reply